سٹی 42 : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد شہر میں ہر قسم کی تجاوزات فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دے دیا ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور شہر کی مجموعی صورتحال، شہری سہولیات اور صفائی و خوبصورتی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکولز، ہوٹلز اور دیگر عوامی مقامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
وزیر داخلہ نے اسلام آباد شہر میں ہر قسم کی تجاوزات فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا، کہا کہ شہر میں کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تمام تجاوزات کو بلاامتیاز فوری طور پر ہٹایا جائے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کی تمام سڑکوں کی بیوٹیفیکیشن کا منصوبہ فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ۔
محسن نقوی نے کہا کہ سڑکوں، گرین بیلٹس، میڈینز اور دیگر خالی مقامات کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے خالی مقامات پر بڑے پیمانے پر پودے لگانے کے احکامات بھی دیے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی گرینری کو مزید بہتر بنایا جائے، اسلام آباد کو ہر لحاظ سے کیپٹل سٹی نظر آنا چاہیے ۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے اور شہر کی صفائی، خوبصورتی اور شہری سہولیات اس کے شایانِ شان ہونی چاہئیں۔ شہر کی بیوٹیفیکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں۔
چیف کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ افسران بھی وفاقی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔