ویب ڈیسک:ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والی دلہن نے دولہا سے اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں شادی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کیرالا میں اسکول ٹیچر آوانی (دولہن) شادی کی تقریب کیلیے میک اپ کروانے جا رہی تھیں کہ راستے میں ٹریفک حادثے کا شکار ہو کر شدید زخمی ہوگئیں تاہم دولہا اور دلہن کے اہل خانہ نے تقریب منسوخ نہ کرنے کے بجائے اسپتال میں انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹروں، نرسوں اور قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں آوانی اور ان کے منگیتر شیرو نے بغیر موسیقی، سجاوٹ یا روایتی تقاریب کے سادگی سے شادی کی۔ اسپتال انتظامیہ نے صورتحال کو سمجھتے ہوئے شادی کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت دی کیونکہ دولہا دلہن کے لئے یہ دن خاص تھا۔

آوانی چند رشتہ داروں کے ہمراہ برائیڈل میک اپ کے لئے جا رہی تھیں کہ ان کی گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی،دلہن کو ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹیں آئی ہیں۔
اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں شادی کی تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی زینت بنی تو صارفین کو شاہد کپور اور امریتا راؤ کی 2006 کی فلم (Vivah) یاد آئی۔
دلہے نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ میں اور آوانی کئی برسوں سے ایک ساتھ ہیں اور اہل خانہ ہمارے رشتے کو پہلے ہی قبول کر چکے ہیں، شادی اسی دن طے تھی اور سب خوشی سے تیاریوں میں مصروف تھے کہ حادثے نے حالات بدل دیے۔