سٹی42: ہیڈ پنجند سے نکلنے والی نہر صادق فیڈر میں پڑنے والا 150 فٹ چوڑا شگاف 40 گھنٹے گزرنے کے باوجود پُر نہ کیا جا سکا جس کے باعث کم از کم 10 دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق نہر کا شگاف آس پاس کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کر چکا ہے جس سے 50 ہزار ایکڑ زرعی اراضی اور سینکڑوں رہائشی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ کوٹ سمابہ میں 200 سے زائد خاندان بے گھر ہو گئے جنہیں ان کے مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی نے مقامی مرکزی شاہراہ کو بھی نقصان پہنچایا تاہم زمینی رابطہ جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ شگاف کو مکمل طور پر بند کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
اس وقت محکمہ آبپاشی، PDMA، ریسکیو ٹیمز اور مقامی افراد شگاف بند کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔