(ویب ڈیسک) بھارتی دارالحکومت دہلی کی اسمبلی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔اسپیکر وجیندر گپتا کو دھمکی بھرا ای میل ملا ہے۔ جس میں وجیندر گپتا اور دہلی اسمبلی میٹرواسٹیشن کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دی گئی، جس کے بعد تھرتھلی مچ گئی اورسکیورٹی ایجنسیاں چوکس ہو گئیں۔ بم اسکواڈ کی ٹیم اسمبلی احاطے میں پہنچ گئی ۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق دہلی اسمبلی میں سکیورٹی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ ابھی تک کوئی بم نہیں ملاہے۔ منگل کی صبح 7:49 بجے اسپیکر وجیندر گپتا کے ای میل ایڈریس پر ایک ای میل آیا۔ اس سے پہلے صبح 7 بج کر 28 منٹ پر اسمبلی کے ای میل ایڈریس پر دھمکی بھرا میل ملا ۔ اس ای میل میں ایل جی ترنجیت سندھو، وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر خارجہ جے شنکر کے علاوہ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور کابینہ کے وزیر منجندر سنگھ سرسا کا نام ہے۔اسی دوران دہلی اسمبلی کی کارروائی کو آدھے گھنٹے کے لیے مؤخر کردیا گیاہے۔
یاد رہے کہ دہلی اسمبلی کا بجٹ اجلاس کا آج (منگل) دوسرا دن ہے ۔ اسمبلی میں دہلی کا بجٹ آج (منگل،24مارچ) کو پیش کیا گیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا بجٹ پیش کریں گی، ان کے پاس ہی وزارت خزانہ کا قلمدان ہے۔یہ ان کا دوسرا بجٹ ہوگا۔ انہوں نے گزشتہ سال دہلی کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کا اپنا پہلا بجٹ پیش کیا تھا۔