ملک اشرف : قتل کیس میں عمرقیدکی سزاپانیوالے ملزم کی اپیل منظور،ہائیکورٹ نے سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قراردیدیا، عدالت نے ملزم بلال احمد کوبری کرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم دیدیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے ملزم بلال احمد کی اپیل پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے قتل کیس میں سزا بڑھانے کیلئےمدعی مقدمہ کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست بھی مسترد کر دی اورقرار دیا کہ درخواست قانونی جواز سے محروم ہے۔تفصیلی فیصلے میں عدالت نے نشاندہی کی کہ استغاثہ کے گواہوں کے بیانات میں نمایاں تضادات موجود ہیں جبکہ وقوعہ کے وقت گواہوں کی جائے وقوعہ پر موجودگی بھی مشکوک دکھائی دیتی ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ مقدمے کی ایف آئی آر اور بعد ازاں ہونیوالی تفتیشی کارروائی بھی کئی سوالات کو جنم دیتی ہے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے فیصلے میں قرار دیا کہ فوجداری قانون کا مسلمہ اصول ہے کہ شک کا فائدہ ملزم کو دیا جاتا ہے۔ اگر ریکارڈ پر ایک بھی معقول شک موجود ہو تو ملزم بریت کا حق دار ہوتا ہے۔عدالت نےملزم بلال احمد کی اپیل منظور کرتے ہوئے عمر قید کی سزا کالعدم قرار دی۔