سٹی 42 : پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں اتوار (رات) سے منگل کے روز تک مزید بارش اور بالائی اضلاع میں برفباری کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 سے 27 جنوری تک مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔ صوبہ کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔ اس کے علاوہ بالائی علاقوں میں چند مقامات پر شدید برفباری متوقع، درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا بھی امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق نیشیبی علاقوں ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقے ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خدشہ ہے۔ برشوں اور برفباری کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ بالائی اور برفباری والے علاقوں میں سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو آندھی، گرج چمک اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے اقدامات کی تلقین کی ہے۔ اس کے علاوہ حساس علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے نے ایمرجنسی آپریشن سنٹر فعال ہے عوام کسی بھی معلومات اور آگاہی کے لئے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔