سٹی42: ملک بھر میں شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) نے 29 جنوری تک ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں بالائی اور شمالی علاقوں میں مزید برفباری، شدید سردی اور برفانی تودے گرنے کے خطرے سے خبردار کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ مری میں برفباری کا سلسلہ رک گیا تاہم مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سردی برقرار رہے گی۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ ساحلی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر میں موسم شدید سرد اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق مغربی ہوائیں بالائی و شمالی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں، آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمالی خیبرپختونخوا میں مزید شدید برفباری متوقع ہے، جبکہ بلوچستان کے بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے۔ ملک کے بیشتر حصوں میں سردی کی شدید لہر برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ لوئر چترال میں برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک بچے کو زندہ نکال لیا گیا۔ پاک فوج نے مختلف علاقوں میں ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے درجنوں مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں، وادی نیلم، باغ، سدھنوتی اور دیگر علاقوں میں شدید برفباری سے مکانات، بجلی کا نظام اور شاہراہیں متاثر ہوئیں۔ خیبرپختونخوا میں وادی کاغان، دیربالا، کمراٹ، لواری ٹنل اور شانگلہ ٹاپ سمیت متعدد علاقوں میں سڑکیں بند ہونے کے باعث سیاحوں کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان میں شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم مختلف مقامات پر بند ہو گئی، جس سے سیکڑوں مسافر پھنس گئے، جبکہ استور سمیت کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید سردی کے باعث پانی کی پائپ لائنیں منجمد ہو چکی ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں، ریسکیو ٹیموں اور مشینری کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے عوام کو موسمی انتباہات پر عمل کرنے اور این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رہنمائی لینے کی تلقین کی ہے۔