سٹی 42: تھر جیپ ریلی میں گھوڑوں اور اونٹوں کی ریس بھی شامل، 26، 27، 28 اور 29 مارچ کو میلہ سجے گا۔
سندھ حکومت کا آئندہ ماہ مارچ میں تھر جیپ ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں موٹر ایسوسی ایشن کے ہمراہ اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس کی صدارت سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر نے کی،اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق، موٹر ایسوسی ایشن کے سید ظہیر حیسن شاہ اور ریحان قریشی ،ڈی ایس او واش دیو مالہی اور سیکشن افسر علی ڈنو گوپانگ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں تھر جیپ ریس، موٹر بائیک ریس،گھوڑوں اور اونٹوں کی ریس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
منور علی مہیسر نے کہا اس بار تھر جیپ ریلی کے ساتھ موٹر بائیک ریس، اونٹوں، گھوڑوں کی ریس اور میوزیکل ایونٹ بھی منعقد ہوگا، تھر جیپ ریلی 26، 27، 28 اور 29 مارچ کو چار روز تک جاری رہے گی،26 مارچ کو گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکنیکل انسپیکشن ہوگی۔27 مارچ کو پروڈکشن اور پروفیشنل کلاس کی کوالیفائنگ ریس منعقد ہوگی۔28 مارچ کو پروڈکشن کلاس کی ریس ہوگی۔
29 مارچ کو پروفیشنل کلاس کی ریس اور اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔تھر جیپ ریلی سے علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور مقامی معیشت مستحکم ہوگی۔
سندھ حکومت نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے بڑے ایونٹس جاری رکھے گی ۔تقریب میں وزیر کھیل محمد بخش مہر مہمان خصوصی، جبکہ مکیش کمارچاولہ،سید ذوالفقار شاہ، نادر مگسی اور دیگر شرکت کریں گے۔