(مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے یوکرین پر حملے پر چین نے بھی معاملے کا جائزہ لینے کیلئے موقف جاری کر دیا جس میں چین نے یوکرین میں خوف و ہراس کا ذمہ دار امریکہ کو ٹھہرایا۔
چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن نے کشیدگی کو ہوا دی اور جنگ کے خطرات کو بھڑکایا ، جنگ کو بڑھاوا دینے والے تمام اقدامات پر شدید اعتراض ہے، امریکہ یوکرین کو ہتھیار دے کر معاملے کو بڑھا رہا ہے، روس اور یوکرین تنازع کے پرامن حل کا راستہ ابھی بند نہیں ہوا ہے، یوکرین اور روس تنازع کو بات چیت سے حل کرنا ہو گا۔
چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ روس پر لگائی جانے والی پابندیوں کے خلاف ہیں، روس اور یوکرین تنازع کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا سمیت دیگر اتحادی ممالک کے رہنماؤں نے یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت کے ردعمل میں دباؤ بڑھانے کے لیے مالی، تجارتی اور سفری پابندیاں اور دیگر اقدامات کا اعلان کیا تھا ۔
دوسری طرف یوکرین کے دارالحکومت کیف میں 5 سے 6 دھماکے سنے گئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ملک کے دیگرعلاقوں میں بھی دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔