عرفان ملک: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے حساس ادارے کے اعلیٰ افسر کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا، جبکہ ریڈ بک میں شامل ایک اور دہشت گرد بھی قانون کی گرفت میں آ گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد عزیر طارق سال 2014 سے پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھا، جبکہ اس کا نام انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ریڈ بک میں بھی شامل ہے۔
کارروائی کے دوران ریڈ بک میں شامل ایک اور مبینہ دہشت گرد ذوالقرنین حیدر کو بھی گرفتار کیا گیا۔ حکام کے مطابق ذوالقرنین حیدر کے خلاف لاہور میں دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دونوں ملزمان طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ حکومت کی جانب سے دونوں ملزمان کی گرفتاری میں مدد دینے پر پانچ، پانچ لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا تھا۔
سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور ممکنہ دہشت گرد سرگرمیوں سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔