وقا ص احمد:مانگا منڈی میں شہری محمد حنیف کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا، پولیس نے مقتول کے بھانجے کو مرکزی ملزم قرار دیتے ہوئے اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔ ایس پی انویسٹی گیشن صدر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ٹیم نے انچارج انویسٹی گیشن تھانہ مانگا منڈی مرتضیٰ اسلم کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان میں مقتول کا بھانجا اور اس کا سالا شامل ہیں۔ انچارج انویسٹی گیشن کے مطابق ملزمان نے خاندانی رنجش کی بنا پر محمد حنیف کو قتل کیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ واردات کے محرکات اور قتل میں استعمال ہونے والے دیگر شواہد کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر ملزمان کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔