ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

روزینہ علی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنےکا امکان ہے، تاہم بالائی خیبر پختونخوا ،جنوب مشرقی سندھ اور کشمیرمیں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، اس دوران جنوب مشرقی سندھ میں چند مقامات پر موسلادھاربارش کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 اگست سے جنوب مشرقی /زیریں سندھ میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خطرہ ہے۔ شدید بارشوں، آندھی، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے ، کمزور انفرا سٹرکچر ( کچے گھر/دیواریں ،بجلی کے کھمبے،بل بورڈز،گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ)کو نقصان اورسڑکوں کی بندش کا اندیشہ ہے ۔

اتوار کے روز موسم کی صورتحال

اتوار کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم مرطوب / مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ دوپہر یا شام میں تیز ہواؤں،جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے ۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ مردان ، صوابی، نوشہرہ ، چارسدہ ، چترال،دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد ، پشاور ،کوہاٹ،اورکزئی ، ہنگو، وزیرستان اور کرم میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنےکا امکان۔ تاہم شام/رات مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال ،تلہ گنگ، میانوالی ، سرگودھا، جہلم ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ ، نارووال،بہاولپور ، بہاولنگر، ڈی جی خان اور رحیم یار خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنےکا امکان ہے، تاہم بارکھان، موسیٰ خیل،لورالائی،کوہلو،ڈیرہ بگٹی،نصیر آباد،جعفر آباد، لسبیلہ، خضدار اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ کے علاقوں کراچی، حیدرآباد، دادو، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، شہید بینظیر آباد، جامشورو، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر، نگرپارکر، اسلام کوٹ، مٹھی، میرپور خاص، عمرکوٹ، مٹیاری، سانگھڑ، سکھر، گھوٹکی، شکارپور، کشمور، خیرپور، لاڑکانہ،جیکب آباد اور نوشہروفیروز میں تیز ہواؤں ، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، اس دوران کہیں کہیں طوفانی اور شدید بارش بھی متوقع ہیں ۔ اس کےعلاوہ  کشمیر اور  گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر گرج چمک اور بارش کا امکان  ہے ۔