اشرافیہ ومستحق افراد کو الگ الگ قیمت پر آٹے کی فراہمی

اشرافیہ ومستحق افراد کو الگ الگ قیمت پر آٹے کی فراہمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) پنجاب حکومت کا اشرافیہ اورمستحق افراد کو آٹا الگ الگ قیمت پر فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے آٹے کی سبسڈی کو ٹارگٹڈ بنانے کیلئے موثر میکانزم تشکیل دینے کی ہدایت کردی، محکمہ خوراک سے ٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے حتمی پلان طلب کر لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں آٹے اور چینی کے نرخوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ قیمت 860 روپے میں وافر دستیاب ہے۔ انہوں نے آٹا کا تھیلا سرکاری ریٹ پر عوام کو فراہم کرنے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت خیبرپختونخوا کے بہن بھائیوں کیلئے بھی روزانہ کی بنیاد پر گندم فراہم کر رہی ہے، عوام کو مقرر کردہ قیمت پر آٹا مہیا کرنے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، سبسڈی غریب عوام کا حق ہے، اشرافیہ کو آٹے پر سبسڈی ملنا غریب کا حق مارنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اب تک 6 لاکھ 69 ہزار ٹن گندم فلور ملوں کو ریلیز کر چکی ہے، پنجاب کے پاس تقریباً 37 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں، پنجاب حکومت روزانہ 17 ہزار ٹن سے زائد گندم فلور ملوں کو ریلیز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کروں گا، انتظامی افسران خود مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کریں اور قیمتوں کا جائزہ لے کر رپورٹ وزیراعلیٰ آفس کو پیش کریں، میں خود بھی مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لوں گا۔

سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری اطلاعات، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔