سٹی 42: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر صدرِ شامی عرب جمہوریہ احمد الشرع سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شیہباز شریف نے شام کے ساتھ پاکستان کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شام کی خودمختاری، اتحاد، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کے لیے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا محمد شہباز شریف نے شامی عوام کے لیے قومی استحکام، قومی یکجہتی، امن اور معاشی بحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے، اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ اور ادارہ جاتی طریقۂ کار کو فعال بنانے پر بھی گفتگو کی، جبکہ تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں مؤثر تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے شام کی تعمیرِ نو اور معاشی بحالی میں کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کے عملی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے احترام کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں و بین الاقوامی قانون کے مطابق مسئلۂ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور شام کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور آنے والے برسوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔