سٹی42: امریکہ میں حکومت کے تمام خرچے، اوقات سے زیادہ قرضے لے چکنے کے سبب رکے ہوئے ہیں اور وائٹ ہاؤس میں بلڈوزر چل گئے ہیں۔
وہائٹ ہاؤس میں بلڈوزر چلوا رہے ٹرمپ، وہاں کوئی نئی انڈر گراؤنڈ خندق نہیں بن رہی، ہنگامی حالات کے لئے کوئی نیا وار روم نہیں بن رہا بلکہ ٹرمپ کے ڈانس کا شوق پورا کرنے کے لئے اب وہاں 250 ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہوگا صدر ٹرمپ کے لئے ڈانس ہال۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس میں نیا ڈانس ہال تعمیر کروانےکا یہ قدم اس وقت سامنے آیا جب امریکی حکومت کا شٹ ڈاون تیسرے ہفتے میں داخل ہو رہا ہے۔ ٹرمپ کی اس ناقابلِ دفاع فضول خرچی پر اپوزیشن اور میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے لیکن وہ کسی کی پرواہ نہیں کر رہے اور وائٹ ہاؤس میں بلڈوزر بدستور چل رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی ضرورت سے بہت بڑا ڈانس ہال بنانا الگ سے قابلِ تنقید ہے لیکن زیادہ برا یہ ہے کہ یہ نیا ڈانس ہال بنانے کے لئے تاریخی ایسٹ وِنگ کی عمارت کے پرخچے اڑائے جا رہے ہیں۔ وائت ہاؤس کے ایسٹ ونگ کی عمارت دراصل صدر مملکت کی بیگم یعنی فرسٹ لیڈی کے دفتر اور ان کے ساتھ کام کرنے والے عملہ کے دفاتر کے ساتھ کئی دوسری تاریخی تعمیرات پر مشتمل ہر، اس کے ہر کونے کے ساتھ امریکہ کی تاریخ کی کوئی نہ کوئی خاص یاد جڑی ہے، ٹرمپ اس سب کو بلدوز کر رہے ہیں۔
وہائٹ ہاؤس صرف امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور دفتر ہی نہیں بلکہ یہ سپر پاور امریکہ کی طاقت کی ایک علامت بھی ہے۔ کسی بھی مقصد سے امریکہ جانے والوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ وہائٹ ہاؤس اپنی آنکھوں سے ضرور دیکھے لیکن اب موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس تاریخی عمارت کی ہئیت کو بدل ڈالنے کے درپے ہیں اور اس کو اپنے تخئیل کے مطابق تبدیل کرنے پر کمربستہ ہیں اور اس لئے امریکہ کی شان کہلانے والی اس عمارت کے کئی حصوں میں بلڈوزر چل رہے ہیں۔
امریکہ کا صدر بننے سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ رئیل اسٹیٹ بزنس مین تھے۔ عظیم الشان دکھائی دینےوالی لگژری عمارتیں بنا کر گاہکوں کو متاثر کرنا ان کا کاروبار ہے۔ لیکن ان کی کاروبار کی تاریخ میں کسی عظیم تاریخی عمارت سے کسی بھی سطح پر وابستگی کا ایک لمحہ تک نہیں آیا۔ وہ معمولی زمین کو بیش قیمت زمین مین تو بدلنا جانتے ہیں لیکن پرائس لیس تاریخی عمارت کو کیسے برتنا ہے، ان کا کنڈکٹ بتا رہا ہے کہ وہ اس لطیف ہنر سے نا آشنا ہیں۔
2024 کا الیکشن جیتنے کے بعد ٹرمپ نے ایک نیا منصوبہ شروع کیا تھا جس کے تحت وہائٹ ہاؤس میں ایک عظیم الشان ڈانس ہال بنانا تھا۔ یہ بال اتنا بڑا ہوگا کہ اس میں ایک وقت میں 999 افراد بیٹھ سکیں گے۔ یہ نیا بال 90 ہزار مربع فٹ کورڈ ایریا پر مشتمل ہوگا۔ اسے تقریباً 250 ملین ڈالر کی لاگت سے تیارکیا جا رہا ہے۔ اس کے لیے ٹرمپ امریکی صدور کی یادگاروں سے بھرے ہوئے وائٹ ہاؤس کے کئی حصوں پر بلڈوزر چلوا رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے بارے میں امریکیوں کی حساسیت ان کی پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہوتی ہے۔ یہاں ہر قدم پر امریکہ کی تاریخ کی کوئی نہ کوئی خاص یاد وابستہ ہے۔ تنقید کرنے والوں کو شکایت ہے کہ ڈانس ہال تو بن جائے گا لیکن بہت سی یادیں ہمیشہ کے لئے قومی ہسٹری کے صفحہ سے محو ہو جائیں گی۔
وہائٹ ہاؤس کے جس حصے کو ٹرمپ توڑ رہے ہیں وہ عمارت کا ایسٹ ونگ ہے۔ یہ رقبہ میں بہت چھوٹا ہے لیکن ہمیشہ اہم رہا ہے۔ اس حصے میں خاتون اول کا دفتر اور عملہ کام کرتا ہے۔
توڑ پھوڑ کی آوازیں ٹرمپ کیلئے میوزک
ٹرمپ نے واشنگٹن پوسٹ کو پروجیکٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ آپ کو شاید پیچھے سے تعمیری کام کی آواز سنائی دے رہی ہوگی۔ میرے کانوں کے لئے تو یہ موسیقی ہے۔ مجھے یہ آواز پسند ہے، دوسرے لوگوں کو یہ پسند نہیں آتی۔ مجھے لگتا ہے کہ جب میں وہ آواز سنتا ہوں تو مجھے پیسوں کی یاد آتی ہے، کیونکہ میں اس کے لیے پیسے دے رہا ہوں۔
ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس منصوبے کا خرچ اٹھا رہے ہیں اور ٹیکس دہندگان کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے یہ بظاہر فالتو تعمیر کا قدم اس وقت سامنے آیا جب امریکی حکومت کا شٹ ڈاؤن تیسرے ہفتے میں داخل ہو رہا ہے۔ ٹرمپ کے اس فیصلے کی اپوزیشن اور میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ ذاتی عیش و عشرت کے لیے وہائٹ ہاؤس کی تاریخ عمارت کو سبوتاژ کر رہے ہیں جب کہ ٹرمپ کے حامی اسے بھی "قومی وقار کی بحالی" کا ہی ایک قدم قرار دے رہے ہیں۔
سینیٹروں کی تنقید: یہ آپ کا گھر ہے اور وہ اسے برباد کر رہے ہیں
کئی سینیٹروں نے بھی صدر کے ڈریم پروجیکٹ پر تنقید کی ہے۔ سینیٹر الزبتھ وارن نے ایکس پر لکھا کہ اخراجات بڑھ رہے ہیں؟ ٹرمپ بلڈوزر کی آواز میں مصروف ہیں! کانگریس کی خاتون سوزان ڈیل بین نے کہا کہ ٹرمپ بہت زیادہ خود غرض ہیں۔
ٹرمپ کے مقابل صدارتی الیکشن لڑ کر ہارنے والی سابق خاتونِ اول ہلیری کلنٹن خود بھی وائٹ ہاؤس کے ایسٹ وِنگ میں چار سال وقت گزار چکی ہیں۔ ہیلری نے ٹرمپ کی اس حرکت پر امریکی شہریوں سے مخاطب ہو کر کہا، " یہ آپ کا گھر ہے اور وہ اسے برباد کر رہے ہیں."
" نیشنل ٹرسٹ فار ہسٹورک پلیسز نے کہا کہ ایسٹ ونگ کو بچانا چاہیے، نئی عمارت پرانے ڈیزائن کو برباد کر دے گی۔