سٹی42: سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو نے ہنگامہ برپا کردیا ہے جس میں ایک خاتون چلتی ہوئی موٹر سائیکل پر موٹر سائیکل چلانے والے مرد کی جوتے سے پٹائی کرتی نظر آرہی ہیں اور وہ بھی بڑی مہارت سے!
یہ واقعہ پڑوسی ملک میں تہذیب کا مرکز سمجھے جانے والے شہر لکھنؤ میں پیش آیا۔ اگرچہ بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ وہ ویڈیو کی تاریخ اور مقام کی تصدیق نہیں کرسکے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مرد موٹر سائیکل چلا رہا ہے، جب کہ پیچھے بیٹھی خاتون اچانک جوتا اتارتی ہیں اور بغیر کوئی وارننگ دیے، شوہر پر جوتوں کی بارش شروع کردیتی ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ جوتے پڑنے کے دوران مرد مراقبے کی کیفیت میں چلا گیا۔ اس نے نہ مڑ کر دیکھا، نہ کچھ بولا، نہ ہی جوتوں سے بچنے کی کوشش کی، بس چپ چاپ جوتے کھاتے ہوئے بائیک چلاتے رہتے ہیں، جیسے جوتے کھانا ان کا روز کا معمول ہو۔
دوسری طرف، خاتون چپل کو کبھی دائیں، کبھی بائیں اور کبھی اوپر سے لا کر کھینچ کھینچ کر وار کرتی ہیں، جیسے کوئی پرانا حساب کتاب برابر کر رہی ہوں۔ اور اس پورے ’’چپل چارج‘‘ کے دوران، بائیک مسلسل رواں رہتی ہے، گویا کوئی رومانس کا سین ہو، بس تھوڑا زیادہ ’’فزیکل‘‘!
بظاہر شوہر اور بیوی ن دکھائی دینے والے اس جوڑنے نے ہیلمٹ نہیں پہنے ہوئے تھے، اور خاتون کی اس کارروائی سے نہ صرف شوہر کی صحت بلکہ آس پاس چلنے والوں کی سڑک پر سلامتی بھی داؤ پر لگ گئی۔
ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی اور اب تک چار لاکھ سے زائد لوگ اس ’’ لائیو سِٹ کوم‘‘ کے گواہ بن چکے ہیں۔ کچھ نے اس پر ہنستے ہوئے تبصرہ کیا، تو کچھ نے سڑک پر ہونے والے اس طرح کے خطرناک عمل پر سنجیدہ سوالات بھی اٹھائے۔
ایک صارف نے لکھا: ’’بیوی کو GPS کی جگہ لگا لو، غلطی پر چپل سے سیدھا راستہ دکھا دے گی!‘‘
جبکہ دوسرے نے مشورہ دیا: ’’بھائی صاحب اگلی بار گھر سے نکلنے سے پہلے چپل کا لوکیشن ضرور چیک کر لیں!‘‘
بہرحال، یہ ویڈیو صرف ہنسی کا سامان نہیں، بلکہ ایک یاد دہانی بھی ہے کہ محبت ہو یا مار، سڑک پر احتیاط سب سے ضروری ہے!