جنید ریاض:پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے طلبہ کے لیے امتحانی نظام کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت دو سالہ ڈپلومہ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (DIT) کے امتحانات اب اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں منعقد کیے جائیں گے۔
بورڈ حکام کے مطابق بائی لنگول امتحانی نظام کے تحت ڈپلومہ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے امیدوار سوالات کو اپنی سہولت کے مطابق اردو یا انگریزی میں بہتر طور پر سمجھ سکیں گے، جس سے انہیں امتحان میں اپنی صلاحیتوں کا مؤثر انداز میں اظہار کرنے کا موقع ملے گا۔
پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے ڈی آئی ٹی کے امتحانات بائی لنگول زبان میں لینے کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں پرچے فراہم کرنے سے طلبہ کو امتحانی عمل میں مزید سہولت ملے گی اور ان کی علمی و فنی صلاحیتوں کا بہتر انداز میں جائزہ لیا جاسکے گا۔