سٹی 42 : پی ڈی ایم اے پنجاب نے مزید بارشوں اور برفباری باری کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 26 سے 27 جنوری کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ 26 اور 27 جنوری کے دوران مری گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری اور شدید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بارش ہو گی۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے، ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔
انہوں نے کہاکہ مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر عمل کریں۔ مری میں برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔