جنید ریاض:محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام پرائیویٹ سکولوں کو واضح طور پر پابند کر دیا ہے کہ وہ والدین کو کسی مخصوص دکان سے یونیفارم، کتابیں یا دیگر اشیاء خریدنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔
اس حوالے سے سیکرٹری سکول ایجوکیشن کی جانب سے باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی پرائیویٹ سکول کی جانب سے والدین کو مخصوص دکان سے خریداری پر پابند کرنا پرائیویٹ اسکولز کے قوانین کے خلاف ہے۔ اگر کوئی سکول اس حوالے سے والدین پر دباؤ ڈالے یا زبردستی کرے تو والدین فوری طور پر شکایت درج کروائیں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق والدین اپنے متعلقہ ضلع کی ایجوکیشن اتھارٹی میں شکایت کر سکتے ہیں، جس پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ والدین کے حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔