سٹی42: محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات نے کل سے لاہور میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس سے موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔شہر لاہور میں سورج کی کرنوں سے سردی اور خنکی کا احساس کم ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 3کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور شہر کی فضائی آلودگی کا معیار آج مضر پایا گیا اور شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 174 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے پاکستان کے تیسرے سب سے زیادہ آلودہ شہر میں شامل ہو چکا ہے۔
شہر قائد میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور ہلکی خنکی کے ساتھ موسم خوشگوار ہے تاہم شہر میں آج بھی تیز دھوپ کے ساتھ موسم بدستور گرم رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ،کم سے کم درجہ حرارت 17 سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کی سطح 84 فیصد ہے اور شمال مشرق سمت سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
کراچی کا فضائی معیار مضر، ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کا کہنا ہے کہ کراچی کا فضائی معیار آج مضر قرار دیا گیا ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی تیسرے نمبر پر آ رہا ہے، جہاں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 161 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق 24 فروری سے مغربی ہوا کا سسٹم ملک میں داخل ہوگا، پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے، شمالی اور پہاڑی علاقوں میں بارش، گرج چمک، برفباری ہوگی، گلگت بلتستان میں 25 فروری سے 2 مارچ تک شدید بارشوں اور برف باری کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 25 فروری تا یکم مارچ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوا چلنے اور بارش کا امکان ہے،مری اور گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے،25 تا 28 فروری لاہور، جھنگ، فیصل آباد، شیخوپورہ، میانوالی اور سیالکوٹ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے، شمالی اور پہاڑی علاقوں میں بارش، گرج چمک، برفباری ہوگی، گلگت بلتستان میں 25 فروری سے 2 مارچ تک شدید بارشوں اور برف باری کا امکان ہے۔ کشمیر میں 25 فروری سے 2 مارچ تک شدید بارشوں اور برفباری جبکہ خیبر پختونخوا میں 24 فروری سے یکم مارچ تک بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں 25 فروری سے یکم مارچ تک گرج چمک کے ساتھ بارش، مری اور گلیات میں برفباری متوقع ہے جبکہ بلوچستان میں 24 فروری سے 26 فروری تک بارش اور برفباری، سندھ میں 25 سے 26 فروری تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق سرگودھا، بھکر، خوشاب،، گوجرانوالہ اور گجرات میں بھی بارش کا امکان ہے،25 سے 27 فروری تک ملتان، لیہ، مظفرگڑھ، خانیوال، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔
موسم کا احوال بتانے والوں نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش اور برفباری سے مری، گلیات، ناران، کاغان اور دیگر پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خطرہ ہے، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں فلیش فلڈنگ کا امکان ہےاور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔