(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ بارکے سالانہ انتخابات آج ہورہے ہیں ، الیکشن بورڈ نے تمام انتظامات مکمل کرہیں، 6226 بائیومیٹرک رجسٹریشن کے حامل وکلاء کیلئے 5 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔
ہائیکورٹ بار کے تین کروڑ روپے کے نادہندہ 10165 اور بائیومیٹرک رجسٹریشن نہ کرانے پر6190 وکلاءووٹ کاسٹ نہیں کرسکیں گے، لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات کیلئے کیانی ہال، سٹڈی روم، جسٹس جاوید اقبال آڈیٹوریم ہال، کراچی شہداءہال اورجناح لاونج پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
الیکشن کے حوالے سے پولنگ سکیم بھی جاری کردی گئی ہے۔ جس کے مطابق ووٹ نمبرایک سے13171تک کیانی ہال،کراچی شہداءہال اور جناح لاو نج میں کاسٹ ہوسکیں گے۔
ووٹ نمبر13172سے 22416 تک ڈاکٹرجاوید اقبال آڈیٹوریم میں،خواتین وکلاءکے ووٹ سٹڈی روم متصل کیانی ہال میں کاسٹ ہوں گے۔ پولنگ ڈے پرلاہور ہائیکورٹ میں عام تعطیل اوراحاطہ ہائیکورٹ میں وکالت کا لائسنس رکھنے والے وکلاء ہی داخل ہوسکیں گے۔ ہائیکورٹ بار کے چارعہدوں کے لیے 14 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔صدرکے لئے تین امیدوار حفیظ الرحمان چودھری، خادم حسین قیصر اورساجد بشیر شیخ مد مقابل ہیں، نائب صدر کیلئے 6 امیدوار، رانا ارشاد احمد، چودھری کبیراحمد، سعید احمد ناگرہ، سردارنجیب اکبر، شائستہ قیصر اور وسیم احمد بٹ امیدوارہیں۔
سیکریٹری کے تین امیدوار فیاض احمد رانجھا، سہیل عمرگوجراورطاہرفاروق عرف اللہ بخش لغاری ہیں۔ فنانس سیکریٹری کیلئے دو امیدوارانصرجمیل اورمصباح سرور گورائیہ مد مقابل ہیں۔ الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت صبح 9 سے شام 5 بجے تک مقررکیا گیا ہے جبکہ ایک سے دوبجے تک نماز اور کھانے کا وقفہ ہوگا۔ انتخابات کے موقع پر سیکورٹی کے فول انتظامات بھی ہوں گے۔