ویب ڈیسک : ای چالان کے بھاری جرمانوں سے پریشان کراچی کے شہریوں کے لیے خوشی کی خبر سامنے آگئی، وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ای چالان کے جرمانوں میں کمی کا اشارہ دے دیا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے سینٹرل پولیس آفس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ اپوزیشن اراکین کو بھی ایک ہفتے میں تجاویز دینے کو کہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر رعایت نہ دینے کا فیصلہ اصولی ہے، ٹریفک سگنل اور ون وے کی خلاف ورزی ناقابلِ معافی جرم ہے تاہم دیگر خلاف ورزیوں پر نرمی کر دیں گے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس چیف اور ڈی آئی جی ٹریفک کو آگاہی کیلیے معروف شخصیات کی خدمات لینے کا کہا ہے، جو ٹریفک قوانین کی اہمیت کو سمجھتی ہیں ان سے آگاہی دلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل اور کار سواروں کو رعایت ہوگی لیکن ون وے خلاف ورزی پر جرمانہ برقرار رہے گا۔