ویب ڈیسک:سنگاپور میں بھارتی نژاد ایک 26 سالہ شہری کو چرچ میں جعلی بم رکھ کر دہشتگردی کی جھوٹی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے، بھارتی نژاد شہری کی اس حرکت کے بعد چرچ کی تمام عبادات منسوخ کر دی گئیں۔
غیرملکی نیوز چینل کے مطابق کوکولاننتھن موہن نامی شخص پر اقوامِ متحدہ کے انسدادِ دہشتگردی ضوابط کے تحت الزام عائد کیا گیا ہے۔
یہ واقعہ اتوار کے روز سنگاپور کے اپر بُکت تیمہ علاقے میں واقع سینٹ جوزف چرچ میں پیش آیا، جو ایک مہنگا رہائشی علاقہ بھی شمار ہوتا ہے۔
چارج شیٹ کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے صبح تقریباً 7 بج کر 11 منٹ پر چرچ کے احاطے میں 3 گتے کے رول رکھے، جن کے اندر کنکریاں بھری ہوئی تھیں جبکہ ان سے سرخ رنگ کی تاریں باہر نکلی ہوئی تھیں اور انہیں سیاہ اور پیلے رنگ کے ٹیپ سے باندھا گیا تھا، جس سے وہ ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) جیسے دکھائی دیتے تھے۔
پولیس کے مطابق یہ اقدام اس نیت سے کیا گیا تاکہ لوگوں کو یہ غلط تاثر دیا جا سکے کہ یہ چیز پھٹ سکتی ہے یا آگ لگا سکتی ہے، جس سے جانی یا مالی نقصان ہو سکتا ہے۔
سنگاپور پولیس فورس نے بیان میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم نے خود یہ جعلی ’بم‘ تیار کر کے چرچ میں رکھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اکیلے ہی یہ کارروائی کی اور تاحال اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ یہ مذہبی بنیاد پر کیا گیا حملہ یا دہشتگردی کی کارروائی تھی۔
عدالت نے ملزم کو 3 ہفتوں کے لیے نفسیاتی معائنے کی غرض سے ریمانڈ پر بھیج دیا ہے اور وہ 12 جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش ہوگا۔