سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف شہروں میں درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ ساتھ آلودگی کی سطح بھی بلند ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 اور کم سے کم 9 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد اور ہواؤں کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ دوسری جانب لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 206 ریکارڈ ہونے کے بعد شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے، جہاں سول سیکرٹریٹ کے اطراف 545، برکی روڈ 432، جوہر ٹاؤن 351 اور عسکری ٹین میں 262 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 جبکہ موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کا موسم سرد اور خشک ہے اور مطلع صاف ہے، جبکہ شمال مشرق کی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ فضائی آلودگی کے حوالے سے کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں اور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر موجود ہے، جہاں ہوا میں مضر صحت ذرات کی مقدار 206 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں دن بھر 4 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں سیاحوں نے برفباری کا لطف اٹھانے کے لیے لواری ٹنل کا رخ کرلیا،سوات، کالام، مالم جبہ اور گردونواح کے پہاڑوں پر برف باری کے بعد ہرجانب سفیدی چھاگئی۔ ایبٹ آباد اور گلیات کے مختلف مقامات پر ہلکی بارش ہوئی جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی، سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بادل برسے۔
وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں وادیاں برف سے ڈھک گئیں، اپر نیلم، اڑنگ کیل اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ ادھر چلاس کے بالائی مقامات پر گزشتہ رات سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
بلوچستان کے شمال مشرقی اور وسطی علاقوں میں سائبیرین ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ بلوچستان کے شمالی بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی ہے۔