ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ خزانہ کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران کی دو دن کی تنخواہ کاٹی جائے گی اور گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ کٹوتی کی جائے گی۔یہ کٹوتی اگست 2025 کی تنخواہوں سے کی جائے گی۔
محکمہ خزانہ نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا، جس کا مقصد سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی امدادی فنڈز اکٹھا کرنا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکے، عارضی رہائش، خوراک، طبی امداد اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو اور متاثرین کی بحالی کے اقدامات کو فوری طور پر عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں نہ صرف انسانی جانوں کا نقصان ہوا بلکہ مکانات، سڑکیں، فصلیں اور بنیادی انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔