روزینہ علی:نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں 5 مئی تک شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کئی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جن میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان اور تربت شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق وسطی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جبکہ 24، 25 اور 29 اپریل کو بالائی و وسطی پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ان شہروں میں اور مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، ڈی جی خان اور ملتان دیگر علاقے شامل ہیں۔
بلوچستان کے شمالی اضلاع جیسے کوئٹہ، زیارت، قلات اور خضدار میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں موسم خشک اور درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث لو لگنے، پانی کی کمی اور دیگر صحت کے مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ادارے نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ ہیٹ ویو پلان فعال کیا جائے، کولنگ سینٹرز قائم کیے جائیں اور ہسپتالوں کو ہائی الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔