انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان ہوگیا

انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان ہوگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( جنید ریاض ) لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا، کامیابی کا تناسب ننانوے اعشاریہ چار، تین فیصد رہا، پہلی پوزیشن کیپس، دوسری پنجاب کالج اور تیسری جی سی یونیورسٹی کے طالبعلم نے حاصل کی۔

لاہور بورڈ نے انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو کا رزلٹ جاری کردیا ہے۔ چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر ریاض ہاشمی کے مطابق ایک لاکھ اکانوے ہزار دو سو اسی امیدواروں نے امتحان کیلئے رجسٹریشن کروائی، ایک لاکھ چونسٹھ ہزار نو سو چھ امیدواروں کے نتائج جاری ہوئے۔ ریاض ہاشمی کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ تریسٹھ ہزار نو سو چھیانوے طلبہ نے کامیابی حاصل کی، اس طرح کامیابی کا تناسب 99.43 فیصد رہا۔

گزٹ کے مطابق کیپس کالج کے طالبعلم عبدالرحمان خان 1081 نمبروں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔ پنجاب گروپ آف کالجز کے ابراہیم فیض 1078 نمبر حاصل کرکے دوسرے جبکہ جی سی یونیورسٹی کے عبدالواحد اور پنجاب کالج کی طالبہ منیبہ منور 1077 نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ چیئر مین لاہور بورڈ پروفیسر ریاض احمد ہاشمی نے بتایا کہ حکومتی فارمولا کے تحت طلبہ کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

لاہور بورڈ کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے نتائج سے مطمئن نہ ہونے والے طلباوطالبات سپیشل امتحان دے سکیں گے۔ سپیشل امتحان کا آغاز 10 اکتوبر سے ہوگا۔ امتحان میں رجسٹریشن کیلئے طلبہ 30 ستمبر تک آن لائن درخواست جمع کراسکیں گے۔

طلبا نتائج ایٹ ڈبل زیرو ٹو نائن پر رول نمبر ایس ایم ایس کرنے کے ساتھ ساتھ طلباء نتائج لاہور بورڈ کی ویب سائٹ سے بھی معلوم کرسکتے ہیں۔