"انسداد ڈینگی مہم میں غفلت برداشت نہیں"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (علی اکبر،قذافی بٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈینگی کے حوالے سے کوتاہی برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی، صوبائی وزیر نے صوبے میں ڈینگی پر قابو پانے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا،وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی مہم کومزید موثر انداز میں چلایا جائے، جبکہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ انسداد ڈینگی مہم میں تساہل برتنے والے افسروں اور اہلکاروں کیخلاف کارروائی ہوگی جبکہ جعلی کارروائیوں کے ذریعے کاغذات کا پیٹ بھرنے پر ایکشن ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ ''سب اچھا ہے'' کی رپورٹس دینے سے کام نہیں چلے گا، انسداد ڈینگی مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری سرور میں بھی ملاقات ہوئی، جس میں گڈ گورننس بنانے کے لیے کئی اقدامات  کیے گئے، جس کے بعد اگلے ہفتے پنجاب میں انتظامی عہدوں پر بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں، ملاقات میں پنجاب میں پولیس اصلاحات، چونیاں سانحہ اور گڈ گورننس کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں صوبے میں گڈ گورننس کے لیے مختلف تجاویز زیربحث آئیں،  دونوں کے درمیان اس بات پر اتفاق رائے کیا گیا کہ پولیس اور انتظامی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے سخت اقدامات کرنا ہونگے، عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانا ہونگے، گورنر پنجاب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو عمرہ کی ادائیگی پر بھی مبارکباد دی۔

Sughra Afzal

Content Writer