ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فرانس کی تیل کمپنیوں پر ٹیکس کی تیاری،قیمتیں بڑھنے کا امکان

فرانس کی تیل کمپنیوں پر ٹیکس کی تیاری،قیمتیں بڑھنے کا امکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: فرانس میں بڑھتی ہوئی توانائی قیمتوں اور عالمی کشیدگی کے تناظر میں حکومت نے بڑی کمپنیوں پر اضافی ٹیکس لگانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

حکام کے مطابق اگر بعض اداروں نے موجودہ بحران کے دوران غیر معمولی منافع کمایا تو ان پر خصوصی “ونڈ فال ٹیکس” عائد کیا جا سکتا ہے۔

فرانس کے وزیر خزانہ رولڈ لیسکور نے ایک انٹرویو میں کہا کہ حکومت اس امکان کا جائزہ لے رہی ہے کہ زیادہ منافع حاصل کرنے والی کمپنیوں سے اضافی ٹیکس وصول کیا جائے، تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ خزاں کے موسم میں متوقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق یورپ بھر میں توانائی کی قیمتیں عالمی سپلائی مسائل اور ایران جنگ سے پیدا ہونے والی جغرافیائی کشیدگی کے باعث مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس کے نتیجے میں عوام اور حکومتوں پر معاشی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

فرانس میں اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی تیل اور توانائی کے شعبے سے وابستہ بڑی کمپنیوں پر اضافی ٹیکس لگانے کا مطالبہ کر چکی ہیں، جن میں معروف کمپنی TotalEnergies بھی شامل ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق ونڈ فال ٹیکس کا مقصد ان اداروں سے اضافی ریونیو حاصل کرنا ہے جو موجودہ بحران اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کے دوران غیر معمولی منافع کما رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو یورپ میں توانائی کمپنیوں پر مالی دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے، جبکہ حکومت کو اضافی آمدنی حاصل ہونے کی توقع بھی کی جا رہی ہے۔