ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عیدالاضحیٰ پر لاہور میں گرینڈ صفائی آپریشن کیلئے 23 ہزار سے زائد عملہ فیلڈ میں متحرک

عیدالاضحیٰ پر لاہور میں گرینڈ صفائی آپریشن کیلئے 23 ہزار سے زائد عملہ فیلڈ میں متحرک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل: ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر گرینڈ صفائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے جامع صفائی پلان تشکیل دے دیا۔

ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی کے مطابق 17 ہزار سے زائد سینٹری ورکرز، ڈرائیورز اور سپورٹ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ شہریوں کو 15 لاکھ سے زائد ماحول دوست ویسٹ بیگز مفت فراہم کئے جائیں گے۔

ماحول دوست بیگز کی فراہمی کیلئے شہر بھر میں 319 عید کیمپس قائم کئے جا رہے ہیں جبکہ 103 عارضی کولیکشن پوائنٹس اور 4 ڈمپنگ سائٹس فعال کر دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے لکھو ڈیر، سگیاں، ٹبہ اور سندر میں ڈمپنگ سائٹس قائم کی گئی ہیں جبکہ عیدالاضحیٰ گرینڈ صفائی آپریشن کی لائیو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کیلئے آپریشنل کنٹرول روم بھی فعال کر دیا گیا ہے جہاں 24 گھنٹے نگرانی اور شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے گا۔

ڈی جی بابر صاحب دین نے کہا کہ نہروں میں آلائشیں پھینکنے والوں کی نگرانی ڈرون کیمروں سے کی جائے گی جبکہ بس اسٹینڈز، لاری اڈوں، کمرشل مارکیٹس اور عوامی رش والے مقامات پر اضافی عملہ تعینات ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ عید گاہوں، جامع مساجد اور قبرستانوں کی جانب جانے والے راستوں پر خصوصی صفائی یقینی بنائی جائے گی جبکہ ورکرز کی حاضری اور گاڑیوں کی ٹریکنگ کا نظام بھی فعال رہے گا۔

ڈی جی ستھرا پنجاب کے مطابق 17 ہزار سے زائد سینٹری ورکرز، 5 ہزار سے زائد ڈرائیورز اور ایک ہزار سپورٹ سٹاف سمیت 23 ہزار سے زائد اہلکار تین شفٹوں میں فرائض انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کی مویشی منڈیوں میں صفائی آگاہی کیمپس قائم کئے جا چکے ہیں جبکہ شہر کے اہم مقامات، عید کیمپس اور مساجد میں ویسٹ بیگز مفت تقسیم کئے جائیں گے۔

حکام کے مطابق ستھرا پنجاب لاہور کی 100 فیصد گاڑیاں اور مشینری صفائی آپریشن میں استعمال کی جائے گی جبکہ چاند رات اور عید کے تینوں دنوں کیلئے ایکسکیویٹرز اور ٹرالیوں کی خصوصی ڈپلائمنٹ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

شہر کی 189 قربان گاہوں کی صفائی اور دھلائی عیدالاضحیٰ کے تینوں دن یقینی بنائی جائے گی۔