ویب ڈیسک: برطانیہ کے علاقے Gwynedd میں ایک پٹرول اسٹیشن کے احاطے میں کھڑے کیمپر وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کر لی۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ A487 روڈ پر واقع ایک پٹرول سٹیشن کے باہر پیش آیا، جہاں آگ نے کیمپر وین کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا، عینی شاہدین کے مطابق شعلے اور سیاہ دھواں آسمان کی طرف بلند ہوتے رہے، جبکہ قریبی افراد خوف کے عالم میں یہ منظر دیکھتے رہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ پٹرول پمپ کے انتہائی قریب تک پہنچ گئی تھی، جس کے باعث علاقے میں شدید خطرے کی صورتحال پیدا ہو گئی، بعد ازاں امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔
فائر بریگیڈ کے مطابق دو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا، تاہم مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی اور صرف جلی ہوئی باقیات بچیں۔
حکام نے احتیاطی طور پر قریبی سڑک کو عارضی طور پر بند کر دیا تھا، جو بعد میں دوبارہ کھول دی گئی، خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی فوری اطلاع موصول نہیں ہوئی۔