درنایاب: پنجاب صاف پانی اتھارٹی (پی ایس پی اے) کے آٹھویں گورننگ باڈی اجلاس میں صوبے بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔
اجلاس کی صدارت گورننگ باڈی کے چیئرمین چوہدری زاہد اکرم نے کی، جبکہ سی ای او سید علی اصغر نے اراکین کو ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر کے تمام فلٹریشن پلانٹس پر واٹر یوزر کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جن کا دائرہ کار 7 سے 11 ارکان پر مشتمل ہوگا۔ ان کمیٹیوں میں کم از کم 2 خواتین ارکان کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ کمیونٹی کی نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اتھارٹی کے مطابق پنجاب صاف پانی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 5,703 واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے عوام کو صاف پانی کی فراہمی جاری ہے۔ سی ایم صاف پانی پروگرام کے فیز ون اور فیز ٹو پر بھی تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔
اجلاس میں جنوبی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں صاف پانی کی مکمل کوریج کے ہدف پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
گورننگ باڈی نے پی ایس پی اے کے بی پی ایس 5 سے 17 تک کے ملازمین کے لیے سپورٹ الاؤنس کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں تمام اراکین نے ایجنڈا آئٹمز کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا اور نظام کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد صاف پانی کی ترسیل کے نظام کو شفاف، مؤثر اور کمیونٹی کی شمولیت کے ساتھ مزید مضبوط بنانا ہے۔