ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی مہنگے داموں فروخت 

اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی مہنگے داموں فروخت 
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

افشاں رضوان:شہر میں سرکاری نرخ نامے اور اوپن مارکیٹ میں فروخت ہونے والی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں فرق برقرار ہے، جس کے باعث شہری مہنگائی کے اضافی بوجھ تلے دب گئے ہیں۔

مارکیٹ سروے کے مطابق متعدد اشیائے خوردونوش سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ آلو کی سرکاری قیمت 30 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 50 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح پیاز 80 روپے کے بجائے 120 روپے فی کلو جبکہ ٹماٹر 150 سے 160 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

لہسن اور ادرک کی قیمتوں میں بھی واضح اضافہ دیکھا گیا۔ چائینہ لہسن کی سرکاری قیمت 325 روپے فی کلو ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 420 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ادرک 290 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے۔

دیگر سبزیوں میں سبز مرچ 120 روپے، شلجم 70 سے 80 روپے، مٹر 230 روپے، بھنڈی 150 روپے اور پالک 40 سے 60 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ دیسی ٹینڈے 200 روپے جبکہ کریلے 120 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں۔

پھلوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخوں سے زیادہ رہیں۔ لیموں 245 روپے، فالسہ 280 روپے اور خربوزہ 80 روپے فی کلو فروخت ہوا۔ سفید سیب کی سرکاری قیمت 250 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 280 روپے فی کلو دستیاب ہے۔

کیلے کی سرکاری قیمت 215 روپے فی درجن ہے لیکن اوپن مارکیٹ میں 250 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔ دیسی آم 120 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 180 روپے فی کلو جبکہ الائچی 605 روپے کے بجائے 780 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔