فاران یامین: گوالمنڈی پولیس نے منشیات فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے 1420 گرام چرس برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ارسلان کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی ایس ایچ او گوالمنڈی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انجام دی۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرکے اسے حراست میں لے لیا۔
ایس پی سٹی عاطف امیر کا کہنا ہے کہ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے پلاسٹک بیگ میں منشیات رکھ کر پیدل مختلف علاقوں میں سپلائی کرتا تھا۔ پولیس نے خفیہ اطلاع اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس کے ممکنہ ساتھیوں اور منشیات کے نیٹ ورک کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
ایس پی سٹی عاطف امیر نے منشیات فروشی کے خلاف مؤثر کارروائی پر ایس ایچ او گوالمنڈی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں منشیات فروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔