خواتین کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ شروع

خواتین کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: پاکستان کرکٹ بورڈ  نےاعلان کیا ہے کہ انڈر 19 خواتین کھلاڑیوں کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ شروع ہوگئے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق آن لائن فٹنس ٹیسٹنگ کا مقصد کورونا  وائرس کی وبا کے پیش نظر کرکٹ کی سرگرمیاں معطل ہونے کے سبب انڈر 19 خواتین کرکٹرز کی توجہ کھیل پر مرکوز رکھنا ہے۔ آن لائن فٹنس جانچنے کا یہ عمل 22 سے 26 جون تک جاری رہے گا، اس دوران کھلاڑیوں کی ہینڈ آئی کوآرڈینیشن، جسمانی توازن اور پٹھوں کی مضبوطی کا جائزہ لیا جائے گا۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ ابھرتی ہوئی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نکھار لانے کے لیے سرمایہ کاری کرنا درحقیقت پی سی بی کی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ حکمت عملی کے مطابق بورڈ خواتین کرکٹرز کا پول بڑھانے کے ساتھ ساتھ انڈر 19 کرکٹرز کو اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں جگہ بنانے کا ایک واضح راستہ فراہم کرنا چاہتا ہے۔گذشتہ سال نومبر میں کھیلے گئے سکلز ٹو شائن انڈر 18 ویمنز ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں کو آن لائن ٹیسٹنگ میں شامل کیا گیا ہے۔

لاہور میں کھیلے گئے اس ایونٹ میں کل چار ٹیموں نے شرکت کی تھی، ایونٹ کے اختتام پر بہترین کرکٹرز نے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں 14 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کی تھی،چیئر آف نیشنل ویمنز سلیکشن عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ اس جدید دور میں کسی بھی کھلاڑی کے لیے جسمانی تندرستی کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ کھلاڑیوں کو یہ سمجھانا بھی ضروری ہے کہ ایک پیشہ ور کرکٹر کی حیثیت سے انہیں اپنی ضروریات کا اندازہ ہونا چاہیے۔

فٹنس ٹیسٹ دینے والی کھلاڑیوں میں  انوشہ ناصر ، اریجہ حسیب ، فجر نوید ، فاطمہ خان ، گل رخ ، گل اسوہ ، حمنہ بلال، ہانیہ احمر، خوش بخت وسیم ، لائبہ فاطمہ ، لاریب ملک، لاویزہ منیر ، مومنہ ریاست خان ، نازش رفیق، ردا اسلم ، صائمہ ملک ، شوال ذوالفقار ، یسرا عامر  اور زیب النساء شامل ہیں۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer