اویس علی;فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے نیٹ میٹرنگ سسٹم میں ڈیٹا سے متعلق سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق فیسکو کے 1,409 نیٹ میٹرنگ صارفین کے ریکارڈ میں مختلف نوعیت کی غلطیاں پائی گئی ہیں، جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
فیسکو حکام کے مطابق 9 فروری سے نیٹ میٹرنگ پورٹل بند ہونے کے باعث متعدد کنکشنز کا ریکارڈ بروقت اپ ڈیٹ نہیں ہو سکا۔ عبداللہ پور ڈویژن میں سب سے زیادہ 1,057 کنکشنز میں ڈی جی (DG) کیپیسٹی کا فرق سامنے آیا، جبکہ سول لائن ڈویژن میں 183 اور شیخوپورہ روڈ ڈویژن میں 6 کنکشنز میں بھی ڈی جی کیپیسٹی کا تضاد ریکارڈ کیا گیا۔
پورٹل کی بندش کے باعث 860 نیٹ میٹرنگ کنکشنز کی ڈی جی کیپیسٹی اپ ڈیٹ نہ ہو سکی، جس سے صارفین میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ فیسکو نے ڈی جی میراڈ کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے نیٹ میٹرنگ کنکشنز کے ریکارڈ کی درستگی کے لیے ضروری اختیارات اور سسٹم تک رسائی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
دوسری جانب فیسکو فرسٹ سرکل میں 549 کنکشنز کے انوائس نمبر (DN) بھی غلط پائے گئے ہیں، جس کے بعد فرسٹ سرکل انتظامیہ نے شعبہ میراڈ کو موجودہ صورتحال سے باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے۔
متاثرہ صارفین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ریکارڈ کی بروقت درستگی نہ کی گئی تو ان کے نیٹ میٹرنگ کنکشنز خودکار نظام کے تحت نیٹ بلنگ میں تبدیل ہو سکتے ہیں، جس سے انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔