(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں دھاندلی کے خدشے کے پیش نظر ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کے خلاف چودھری پرویز الٰہی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی طرف سے وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویزالہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں ممکنہ دھاندلی کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر انہوں نے صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خط کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست کی ہے ، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ آئی جی پولیس کو پنجاب اسمبلی میں داخلے سے روکا جائے کیوں کہ سکیورٹی کیلئے خط ڈپٹی اسپیکر کی بد نیتی کو ظاہر کرتا ہے، جس سے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی الیکشن کو تہہ و بالا کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے پنجاب کی وزارت اعلٰی کے الیکشن سے چند گھنٹے قبل اہم اقدام اٹھایا ، سردار دوست محمد مزاری نے پنجاب اسمبلی کی سکیورٹی پولیس کے حوالے کرنے کا حکم جاری کردیا.
ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو لکھے گئے مراسلے میں 22 جولائی کی تاریخ لکھ کر الیکشن میں ایک لڑائی جھگڑے کی منظر کشی کرتے ہوئےبھاری سکیورٹی مانگ لی گئی ، دوست مزاری نے موقف اختیار کیا کہ شرپسند عناصر اجلاس کی کارروائی روک رہے ہیں.
ارکان اسمبلی اور سٹاف کی زندگی بھی خطرے میں ہے، لہذا وزیراعلیٰ کا انتخاب عدالتی حکم کے مطابق پرامن بنانے کیلئے پنجاب اسمبلی میں اسمبلی سکیورٹی کے بجائے پولیس تعینات کی جائے۔