ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کابینہ نے وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کردیا

 کابینہ نے وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (قذافی بٹ) پنجاب کابینہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کردیا،  کابینہ ارکان نے وزیراعلیٰ کے خلاف بے بنیاد اور شر انگیز پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کی مذمت کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ گھبرانے کی ضرورت نہیں، بے بنیاد الزامات پہلے بھی لگائے گئے، ہمارا دامن صاف ہے۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر بھرپور اظہار اعتماد کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کی گی، قرارداد صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد ہے، پنجاب کابینہ پنجاب کی حقیقی ترقی کا سفر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رہے گا, ترقی کے سفر میں کسی قسم کی رکاوٹ آنے دی جائے گی نہ ہی کسی کو حائل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

  پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ حقائق کو مسخ کرنے والوں کے خلاف متعلقہ فورم پر قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، فیاض الحسن چوہان، اختر ملک، عمار یاسر سمیت پوری کابینہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیرقانون بشارت راجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سمیت کابینہ کے کسی ممبر پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں،  2 برس کے دوران ایک بھی سکینڈل سامنے نہ آنا پنجاب حکومت کا کریڈٹ ہے۔سینئر وزیرعبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ہم سب عثمان بزدار کے ساتھ ہیں۔

وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید کا کہنا تھا کہ ہم آپ پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں اور آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عثمان بزدار ہم سب کے وزیراعلیٰ ہیں اور رہیں گے۔مسلم لیگ ق کے حافظ عمار یاسر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) پہلے بھی آپ کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی آپ کے ساتھ کھڑے رہے گی۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار سے عالمی شہرت یافتہ لوک گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے ملاقات کی،اس موقع پروزیراعلیٰ نے کہاکہ عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی فن کی دنیا کا روشن اور تابندہ ستارہ ہیں،ان کی آواز ہر صاحب ذوق شخص کے دل کو بھاتی ہے،عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی پاکستان کا اثاثہ ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کی صحت سے متعلق بھی دریافت کیا، جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کی صحت کیلئے دعا بھی کی۔

Sughra Afzal

Content Writer