چیف جسٹس پاکستان کل لاہور میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے

چیف جسٹس پاکستان کل لاہور میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف) چیف جسٹس آف  پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار مفاد عامہ کے معاملات پر لیے گئے از خود نوٹس کیس سمیت دیگر  اہم مقدمات پر کل سے 27 جولائی تک سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سماعت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے حوالے سے کاز لسٹ جاری کردی گئی، پچیس جولائی کو الیکشن کے حوالے سے اگرچہ عدالتی چھٹی ہوگی تاہم چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار لاہور رجسٹری میں موجود رہیں گے۔23 جولائی کو پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی فیسوں کے ازخود کیس کی سماعت ہوگی، عدالت نے سیکرٹری پی ایم ڈی سی، اٹارنی جنرل اور پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے مالکان کو طلب کر رکھا ہے، ینگ ڈاکٹرز، پی ایم اے کی فریق بننے کی درخواست پر سماعت ہوگی، ماحولیاتی آلودگی کےحوالے سے کیس سماعت کیلئے مقرر ہے، عدالت نے چیف سیکرٹری، سیکرٹری ماحولیات کو طلب کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ بندی ڈرین کیمیکل سرگودھا کی نکاسی کے حوالے سے کیس سماعت کیلئے مقرر ہے، جس میں عدالت نے چیف سیکرٹری اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں، ہسپتالوں میں سیوریج ویسٹ کی ڈسپوزل کے حوالے سے کیس میں ایم ڈی واسا، سیکرٹری صحت اور سیکرٹری ماحولیات کو طلب کر رکھا ہے۔لاہور رجسٹری میں پنجاب کے علاوہ خیبرپختونخواہ کے پرائیویٹ میڈیکل کالجز اور اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے صوبہ سندھ کے متعلق کیسز کی سماعت بھی ہوگی۔

چیف جسٹس پاکستان کے لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے پیش نظر عام سائلین کی بڑی تعداد کا دادرسی کے لیے جمع ہونے کا امکان ہے، سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی ہوں گے۔