ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بادل گرجنے برسنے کو تیار ,محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی

بادل گرجنے برسنے کو تیار ,محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: ملک کے مختلف حصوں میں موسم نے کروٹ بدل لی، کہیں بارش اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے تو کہیں برفباری نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان جبکہ شمالی بلوچستان کے بالائی علاقوں میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

لاہور میں سورج کی ہلکی روشنی کے باوجود سردی کی شدت برقرار ہے اور 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے خنکی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق باغوں کے شہر میں آج بارش کے 70 سے 80 فیصد امکانات موجود ہیں، جس سے سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
لاہور میں فضائی آلودگی تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے، مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 340 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ سول سیکرٹریٹ میں آلودگی کی شرح 569، برکی روڈ پر 296، علامہ اقبال ٹاؤن میں 217 اور ماڈل ٹاؤن میں 200 ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی میں آج سے بارش کے آغاز کا امکان ہے، جبکہ کل سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر شہر میں معتدل سے ہلکی بارش ہو سکتی ہے اور آئندہ دو سے چار روز کے دوران درجہ حرارت دوبارہ سنگل ڈیجٹ میں جانے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر موجود ہے، جہاں آلودہ ذرات کی مقدار 193 ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج بارش اور ژالہ باری کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے اوقات میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، جبکہ دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ شام اور رات کے اوقات میں بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

ادھر چمن سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب تیز ہواؤں اور بارش کے بعد موسمِ سرما کی پہلی برفباری شروع ہو گئی ہے۔ خواجہ عمران، کوژک، زیارت، پشین، توبہ کاکڑی، خانوزئی، کان مہترزئی اور دیگر بالائی علاقوں میں چار انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ برفباری کے باعث مختلف قومی شاہرائیں بند ہو گئی ہیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید پیشگوئی کی ہے کہ آج بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔