ویب ڈیسک: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ایک بار پھر واضح پیغام مل چکا ہے۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے اپنے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ایک بار پھر واضح پیغام مل چکا ہے، انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ سرزمین کمزور نہیں بلکہ شہدا کے لہو سے مضبوط ہوئی ہے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ افغانستان میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے ‘فتنہ الخوارج’ کے ٹھکانوں پر کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی کارروائی کو ان معصوم جانوں کا بدلہ قرار دیا جنہیں دہشت گردی کی آگ میں جھونک دیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ ہر اس ماں کے آنسوؤں کا جواب تھا جس نے اپنا بیٹا وطن پر قربان کیا، اور یہ ہر اس بچے کے خوابوں کا دفاع تھا جو ایک محفوظ پاکستان کا خواہاں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم امن کے خواہاں ہیں مگر اپنی سرزمین، عوام اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ جو بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھے گا اسے نیست و نابود کر دیا جائے گا اور کوئی بچ نہیں پائے گا۔
طارق فضل چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ وطن ہماری پہچان، غیرت اور ایمان ہے؛ پاکستان پہلے بھی تھا، آج بھی ہے اور ہمیشہ رہے گا۔