ریلوے پولیس کے مستقبل سے متعلق سخت فیصلے

Railway Police
کیپشن: Railway Police
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ریلویز ہیڈ کوارٹرز(سعید احمد سعید) وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کے ریلوے پولیس کے مستقبل سے متعلق سخت فیصلے، ملک بھر میں موجود متعدد ریلوے پولیس سٹیشن بندکرکے پولیس کی نفری ایک ہزار سے 1500 تک کرنے پر بھی غور، وزیر ریلوے نے پروپوزل کی تیاری کے حوالے سے سی ای او ریلوے کو مراسلہ جاری کردیا۔

وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کی جانب سے سی ای او ریلوے کو جاری مراسلے کے مطابق ریلوے پولیس سے متعلق نیا منصوبہ لانے کا فیصلہ کیا گیا، متعدد ریلوے پولیس سٹیشن بند کر کے پولیس کی نفری 1500 تک کرنے کا فیصلہ بھی زیر غور ہے۔ کیرج فیکٹری سمیت دیگر ریلوے تنصیبات کی سکیورٹی کیلئے پرائیویٹ گارڈز رکھنے پر غور شروع کردیا گیا۔ 

مراسلے کے مطابق سی ای او ریلوے نثار میمن اور آئی جی ریلوے عارف نواز ملکر سفارشات تیار کریں گے، ضرورت کے تحت 15 سو اہلکار رکھ کر باقی پولیس کو صوبوں میں ضم کردیا جائے گا، تجاوزات کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کیلئے ایک ڈی آئی جی کو لاہور سے کراچی ٹرانسفر کردیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان ریلوے پولیس میں میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پر ترقیوں کا سلسلہ جاری ہے ، 16 اپریل کو ریلوے پولیس لاہور ڈویژن کے سہیل بشیر کو اے ایس آئی کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ایس پی ریلوے پولیس لاہور ڈویژن ملک محمد عتیق نے ترقی پانے والے اہلکار کو پروموشن رینکس لگائے ۔

اس موقع پر ایس پی ریلوے پولیس لاہور کا کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس عارف نواز خان کی خصوصی ہدایات پر ریلوے پولیس ملازمین کی پروموشن کو ٹائم فریم کے مطابق یقینی بنایا جا رہا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer