ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عبوری ضمانت خارج ہونے پر ملزم عثمان چٹھہ کی فرار کی کوشش ناکام

عبوری ضمانت خارج ہونے پر ملزم عثمان چٹھہ کی فرار کی کوشش ناکام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں امانت میں خیانت کے مقدمے میں عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد ملزم عثمان چٹھہ کی مبینہ فرار کی کوشش ناکام ہوگئی۔ ضمانت خارج ہوتے ہی ملزم اور تفتیشی افسر کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی، جس پر متعلقہ پولیس اہلکاروں نے ملزم کو قابو کرلیا۔

جسٹس خالد ابن عزیز نے ملزم عثمان چٹھہ کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے ملزم کے خلاف درج مقدمے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزم عثمان چٹھہ کے خلاف گوجرانوالہ کے تھانہ سبزی منڈی میں امانت میں خیانت کا مقدمہ درج ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں ملزم قصور وار پایا گیا ہے جبکہ مقدمے میں مزید برآمدگی بھی کرنا باقی ہے۔سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کی عبوری ضمانت خارج کی جائے تاکہ پولیس قانون کے مطابق تفتیش آگے بڑھا سکے۔

دوسری جانب وکیل صفائی نے ملزم کی ضمانت کے حق میں دلائل دیے اور عدالت سے درخواست کی کہ اسے عبوری ضمانت کا ریلیف دیا جائے، تاہم وکیل صفائی کے دلائل عدالت کو مطمئن نہ کرسکے۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ملزم عثمان چٹھہ کی عبوری درخواست ضمانت خارج کردی۔عدالتی فیصلہ آتے ہی ملزم نے مبینہ طور پر عدالت سے نکلنے کی کوشش کی۔ اس دوران تفتیشی افسر اور ملزم کے درمیان گتھم گتھا ہوگئی، جس پر موقع پر موجود متعلقہ پولیس اہلکاروں نے ملزم کو دبوچ لیا۔

Ansa Awais

Content Writer