علی ساہی: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی بروقت کارروائی کے باعث کم سن بچی کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق باغبانپورہ میں کمسن بچی کو ہراساں کرنے کی شکایت پر ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے فوری ایکشن لیا۔
تفصیلات کے مطابق بچی کی والدہ نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بچی کو سکول آتے جاتے ایک شخص کی جانب سے نازیبا حرکات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔شکایت موصول ہوتے ہی سیف سٹی افسر نے کانفرنس کال کروا کر فوری کارروائی کا آغاز کیا اور متاثرہ خاندان کو فوری معاونت اور رہنمائی کی یقین دہانی کروائی۔
سیف سٹی کی بروقت اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق بچی سے متعلق شکایت پر فوری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔