جنید ریاض:پنجاب کے مختلف اضلاع میں سکولوں سے باہر بچوں کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں جنوبی پنجاب کے کئی اضلاع میں صورتحال صوبائی اوسط سے کہیں زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق راجن پور میں سکولوں سے باہر بچوں کی شرح سب سے زیادہ 48 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ڈیرہ غازی خان میں 46 فیصد، مظفرگڑھ میں 45 فیصد جبکہ رحیم یار خان میں 43 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔
اسی طرح لودھراں میں یہ شرح 40 فیصد، بہاولنگر میں 38 فیصد اور بہاولپور میں 37 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں سکولوں سے باہر بچوں کی شرح 10 فیصد بتائی گئی ہے۔
پنجاب بھر میں سکولوں سے باہر بچوں کی صوبائی اوسط شرح 24 فیصد ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق لڑکیوں میں سکولوں سے باہر ہونے کی شرح 22 فیصد جبکہ لڑکوں میں 19 فیصد ہے۔
علاقائی اعتبار سے دیہی علاقوں میں سکولوں سے باہر بچوں کی شرح 24 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں 14 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ سکولوں سے باہر بچوں کی بلند شرح والے بیشتر اضلاع جنوبی پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں، جہاں صوبائی اوسط کے مقابلے میں یہ مسئلہ زیادہ نمایاں ہے۔