ویب ڈیسک :بالی ووڈ کے معروف اداکار اور کامیڈی اسٹار اکشے کمار نےسینئر اداکار گوردھن اسرانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا,اپنے تعزیتی پیغام میں اکشے کمار نے لکھا کہ وہ اسرانی جی کے انتقال کی خبر سن کر انتہائی غمزدہ ہیں اور بھارتی فلم انڈسٹری نے ایک بہت بڑا فنکار کھو دیا ہے۔
ایکشن اور کامیڈی اسٹار اکشے کمار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گوردھن اسرانی کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ اسرانی جی کے انتقال کی خبر سن کر شدید غمزدہ ہیں۔ اکشے کمار کے مطابق صرف ایک ہفتہ قبل وہ فلم حیوان کے سیٹ پر اسرانی سے ملے تھے، جہاں انہوں نے نہایت محبت سے گلے لگایا تھا۔
اکشے کمار نے کہا کہ انہیں ہیرا پھیری، بھاگم بھاگ، دے دنا دن، ویلکم اور اب بھوت بنگلہ اور حیوان جیسی فلموں میں اسرانی کے ساتھ کام کرنے اور ان سے سیکھنے کا موقع ملا۔ اکشے کا کہنا تھا کہ ’اسرانی ایک نیک دل اور بے مثال مزاحیہ حس رکھنے والے فنکار تھے‘۔
Speechless with grief at the passing of Asrani ji. We had just shared the warmest of hugs just a week back at the shoot of Haiwaan. Bahot pyare insaan the…he had the most legendary comic timing. From all my cult films Hera Pheri to Bhagam Bhag to De Dana Dan, Welcome and now our… pic.twitter.com/yo7wXnGO1Z
— Akshay Kumar (@akshaykumar) October 20, 2025
اسرانی کے منیجر بابو بھائی تھیبا کے مطابق اداکار کا انتقال ممبئی کے علاقے جوہو میں نیدھی اسپتال میں ہوا، جس کے بعد ان کی آخری رسومات سانتا کروز کے کریماٹوریم میں ادا کی گئیں جس میں قریبی رشتہ دار شریک ہوئے۔
بابو بھائی تھیبا کے مطابق ان کے گھر والوں میں بیوہ منجو اسرانی، بہن اور بھانجا شامل ہیں کیونکہ گوردھن اسرانی کی کوئی اولاد نہیں تھی۔
یاد رہے کہ پانچ دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر میں اسرانی نے بھارتی سنیما کو کئی یادگار کردار دیے اور اپنی مزاحیہ و جذباتی اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں خاص مقام بنایا۔ ان کے مزاحیہ کردار اور ڈائیلاگز آج بھی مداحوں اور ناظرین میں مشہور ہیں جو سنتے ہی مداح ہنسنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔