سٹی 42:یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا 2 ارب 13 کروڑ روپے کا بجٹ منظور ہوگیا ۔ نئے مالی سال میں امتحانات، ریسرچ، آئی ٹی، وظائف اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے خطیر فنڈز مختص، نئی فیکلٹی بھرتیوں کی منظوری بھی دے دی گئی
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے بورڈ آف گورنرز نے جمعرات کے روز مالی سال 27-2026ء کیلئے 2 ارب 13 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی۔ بجٹ کی منظوری بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت فرخندہ وسیم افضل نے کی جبکہ وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے یونیورسٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور مالی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کیلئے یونیورسٹی کی آمدن کا تخمینہ 4 ارب 40 کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔ بجٹ میں امتحانات کے انعقاد کیلئے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ملازمین اور فیکلٹی کی تنخواہوں اور الاؤنسز کیلئے 92 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔بورڈ کو بتایا گیا کہ آپریٹنگ اخراجات کیلئے 34 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ریسرچ سرگرمیوں کیلئے 9 کروڑ 68 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ اسی طرح سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 13 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے۔
طلبہ کی فلاح و بہبود کیلئے وظائف کی مد میں 2 کروڑ 10 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ کمپیوٹر آلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے 3 کروڑ 15 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ریسرچ کیمیکلز اور لیبارٹری مواد کی خریداری کیلئے بھی 2 کروڑ روپے رکھنے کی منظوری دی گئی۔بورڈ اجلاس میں طلبہ کیلئے مزید ایک بس کی خریداری کیلئے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں یو ایچ ایس کے جناح کیمپس میں مسجد کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ 10 لاکھ روپے جبکہ مرمت اور دیکھ بھال کے کاموں کیلئے 12 کروڑ 65 لاکھ روپے رکھنے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں 22 نئی فیکلٹی پوزیشنز پر بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ٹنیور ٹریک پر موجود فیکلٹی ممبران کی ترقیوں اور یونیورسٹی کے 62 ملازمین و فیکلٹی ممبران کے کنٹریکٹس میں توسیع کی بھی منظوری دے دی گئی۔