ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں فضائی تنصیبات اور ہوائی اڈوں کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ

پنجاب میں فضائی تنصیبات اور ہوائی اڈوں کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  قیصر کھوکھر:پنجاب حکومت نے پاک فضائیہ کی تمام ایئر بیسز اور کمرشل ہوائی اڈوں کی سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے ان کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

 محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ پابندیاں انسانی جانوں، املاک اور فضائی آپریشنز کو محفوظ بنانے کیلئے عائد کی گئی ہیں۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق تمام ایئر بیسز اور ہوائی اڈوں کے گردونواح میں 13 کلو میٹر کے دائرے میں دفعہ 144 نافذ ہوگی جبکہ اس کا اطلاق صوبے بھر میں 30 روز تک جاری رہے گا۔

اعلامیے کے مطابق مذکورہ علاقوں میں کبوتر بازی، لیزر لائٹس کے استعمال اور آلائشیں یا دیگر اشیاء پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسی سرگرمیاں  فلائٹ آپریشنز میں رکاوٹ اور فلائٹ سیفٹی کیلئے شدید خطرہ ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندیاں نہ صرف پاک فضائیہ کی تنصیبات بلکہ صوبے میں قائم تمام کمرشل ایئرپورٹس کے اطراف بھی نافذ العمل ہوں گی۔ اس حوالے سے سیکرٹری داخلہ نے ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت احکامات جاری کیے ہیں۔

اعلامیے میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

 اس کے علاوہ ایئرپورٹس اور ان کے گردونواح میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ پرندوں کی آمد اور دیگر خطرات سے بچا جا سکے۔