سٹی 42 : امریکی سفیر نٹالی بیکر نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکول بس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
امریکی سفیر نٹالی بیکر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر حملہ بے رحمانہ ہے، دہشتگردانہ حملے میں معصوم بچوں کا قتل ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفاکانہ حملے کی مذمت میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔
امریکی سفیر نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بچے کو اسکول جاتے ہوئے خوف کا شکار نہیں ہونا چاہیے، ہم پاکستان میں اُن لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو اس تشدد کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک اسکول بس کو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 معصوم بچوں سمیت 5 افراد شہید ہو گئے۔شہدا میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں، حملے میں متعدد بچے بھی زخمی ہیں جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے تمام واقعات کے پس پردہ بھارت کا گھناؤنا اور مسخ شدہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے جیسی بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔

