سٹی 42 : یونیسیف، اقوام متحدہ کی جانب سے خضدار اسکول بس حملہ کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
مذمتی بیان یونیسیف کی چیف آف ایڈوکیسی اینڈ کمیونیکیشنز کیرن ریڈی کی جانب سے جاری کیا گیا، جس کے مطابق یونیسف خضدار، بلوچستان میں اسکول بس پر ہونے والے ہولناک حملے کی شدید مذمت کرتی ہے, اس حملہ میں مبینہ طور پر چار بچے جاں بحق اور درجنوں شدید زخمی ہوئے ۔
ترجمان یونیسیف پاکستان نے کہا کہ یونیسف ان خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہے جنہوں نے اپنے بچے کھو دیے, یونیسیف تمام متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ کسی بھی بچے کے لیے اسکول جانا کبھی بھی خطرناک عمل نہیں ہونا چاہیے, افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں بہت سے بچوں کے لیے یہی تلخ حقیقت بن چکی ہے۔

ترجمان یونیسیف پاکستان نے بتایا کہ آج صبح، بلوچستان کے بچے ایک عام دن کے آغاز کے لیے اسکول جا رہے تھے، لیکن انہیں بے رحمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا, ان معصوم بچوں کی زندگیاں، خواب اور مستقبل تباہ ہو گئے، خاندان برباد ہو گئے, جو بچے بچ گئے، وہ جسمانی اور جذباتی زخموں کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور ہوں گے۔

ترجمان یونیسیف پاکستان کے جاری بیان کے مطابق یہ المناک تشدد اور بے معنی تکلیف ختم ہونی چاہیے, بس بہت ہو چکا, بچے کسی بھی صورت میں تشدد کا نشانہ نہیں بننے چاہئیں اور نہ ہی بنائے جا سکتے ہیں ۔